مقالات

 

روزہ کے فائدے

سید روح ظفر رضوی

دین اسلام کی ایک اہم عبادت روزہ ہے ، یہ ایک ایسی عبادت ہے جس کا پھل دنیا اورآخرت دونوں عالم میں ملتا ہے اس عبادت کے ذریعے انسان روحانیت اورمعنویت کے ساتھ ساتھ دنیاوی فائدوں سے بھی بہر ہ مند ہوتاہے، پروردگار عالم اور اس کے حقیقی نمائندوں نے اس روزے کے بہت سے فائدے بیان کئے ہیں۔
اگر یہ فوائد خداکے نیک و اطاعت گذار بندوں کے سامنے موجود نہ ہوتے تب بھی ان کے لئے خالق کاحکم اس کی عبادت واطاعت کے لئے کافی تھا ، کیونکہ وہ اس لئے روزہ رکھتے ہیں کہ اللہ نے انہیں حکم دیا ہے لیکن چونکہ خالق کون ومکاں کی بارگاہ سے آنے والے ہادیان برحق نے روزے کے فوائد کوبیان کیا ہے لہٰذا یہاں پر روزے کی اہمیت کو بیان کرنے کیلئے وارد شدہ فوائد کو اختصارکے طور پر بعض کو پیش کیا جارہا ہے .
حجةالاسلام جناب سیدحسین شیخ الاسلامی صاحب قبلہ اپنی کتاب ''وظائف مادر ماہ مبارک رمضان ''میں تحریر فرماتے ہیں : آیات وروایات کی تحقیق کے بعد روزے کے جو فوائد سامنے آئے ہیں وہ یہ ہیں:
١۔ روزہ دار تقویٰ کا مالک بن جاتاہے.
٢۔ روزہ انسان کا یارومددگار ہے.
٣۔ روزہ شیطان کے چہرے کوسیاہ کرتاہے .
٤۔ روزہ انسان کے جسم کوپاک کرتاہے اور اسے رشد ونمو دیتاہے .
٥۔ روزے دار پر فرشتے درود بھیجتے ہیں ، اس کا جسم تسبیح پروردگار کرتاہے .
٦۔ اگر روزہ دار دوسروں کی غیبت نہ کرے تو اس کا ہرلمحہ عبادت ہے یہاں تک کہ اسکا سونا بھی عبادت شمار ہوتا ہے۔
٧۔ روزہ دار کے لئے فرشتے دعاکرتے ہیں جناب پیغمبر اسلامصلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا: پروردگار نے فرشتوں کوفقط روزے داروں کے لئے استغفار کرنے کا حکم دیاہے اورکسی مخلوق کے لئے یہ حکم نہیں دیا ہے .
٨۔ خداوندعالم روزہ دار کے گناہوں کو بخش دیتاہے اور اس بخشش پر فرشتوں کوگواہ بناتاہے .
٩۔ روزہ دار کے چہرے سے فرشتے اپناچہرہ مس کرتے ہیں.
١٠۔ روزہ دار کی سانس خدا وندسبحان کی تسبیح ہے .
١١۔ روزہ دار خدا وندمتعال کے نزدیک محبوب و محترم ہے .
١٢۔ روزہ دار کو اس کے ہر نیک عمل کاکئی گنا ثواب ملتاہے .
١٣۔ روزہ دار کی دعا مستجاب ہے .
١٤۔روزہ عذاب آتش جہنم اور دوسرے خطرات سے سپر ہے .
١٥۔ روزہ کاثواب پروردگار خود عطاکرتا ہے ، جیسا کہ رب العالمین نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ سے فرمایاہے: ''انسان کا ہرعمل خود انسان کے لئے ہے مگر روزہ میرے لئے ہے ''.
١٦۔ روزہ داروں کے لئے جنت کا ایک دروازہ مخصوص ہے جس سے وہ جنت میں داخل ہوںگے اور اس دروازہ کا نام'' ریان'' ہے .
١٧۔ روزہ دارکے اعمال قبول ہوتے ہیں .
١٨۔ روزہ دار کے نصیب میں دنیا وآخرت کی خوشیاںہیں ،روزہ دار کے منھ کی بو اللہ تعالی کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بہترہوتی ہے .
١٩۔ روزہ بدن کی صحت کاضامن ہے.
٢٠۔ گرمیوں کا روزہ بہترین جہاد ہے .
٢١۔ روزہ اسلام کی بنیاد ہے ،جیسا کہ مولائے کائنات علیہ السلام نے فرمایا:'' اسلام کی بنیاد پانچ چیزیں ہیں ، نماز ،روزہ ،حج ،زکات ، ولایت ائمہ علیہم السلام''.
٢٢۔ روزہ اللہ کی روح ہے، ہمارے چھٹے امام علیہ السلام نے فرمایا: تین چیزیں اللہ کی روح ہیں نماز شب،دوستوں اورمومنوں سے ملاقات اور روزہ .
٢٣۔ ٹھنڈک کا روزہ غنیمت،اور لذت بخش ہے جو بغیر کسی زحمت کے میسر ہے .
٢٤۔ روزہ خداوند عالم سے قربت کا ذریعہ ہے .
٢٥۔ روزہ ان سات چیزوں میںسے ایک ہے جن کے لئے ایمان کی پہلی منزل پرسفارش کی گئی ہے .
٢٦۔ روزہ دلوں کے وسواس کودور کرتاہے .
٢٧۔ روزہ دارکے لئے ہررات اورہر دن کا الگ الگ انعام مقرر ہے .
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ نے یہودیوں کے جواب میںروزہ کی سات خصلتیں بیان کی ہیں:
٢٨۔ایک: انسان کے بدن سے حرام اشیاء بہہ کر نکل جاتی ہیں .
٢٩ ۔دو : روزہ دار اللہ تعالیٰ کی رحمت سے قریب ہوجاتاہے .
٣٠۔تین :روزہ حضرت آدم کے ترک اولیٰ کا کفارہ ہے .
٣١۔چار: روزہ دار کے لئے موت کی سختیاں آسان ہوجاتی ہیں.
٣٢۔پانچ: روزہ دار قیامت کی بھوک اور پیاس سے محفوظ رہیگا .
٣٣۔ چھ: روزہ دار کو جہنم سے آزادی کا پروانہ مل جاتاہے .
٣٤۔ سات: روزہ دا رجنت کی طیب وطاہر غذا سے سیر ہوتاہے.
٣٥۔روزہ دار اگر مندرجہ ذیل شرطوں کے ساتھ روزہ رکھے تو اس کے گناہ اس طرح پاک کردئیے جاتے ہیں جیسے وہ ابھی پیدا ہواہے .

شرائط:
الف: دن میں مکمل طور پر اسلامی احکام کی رعایت کے ساتھ روزہ رکھنا .
ب: رات میں عبادت کرنا .
ج):افطار کے بعد بھی حرام غذا سے پرہیز کرنا .
د: خود کو حرام فعل (شہوت وفحشاء )سے بچانا
ھ: اپنی زبان کو لغویات اور غیبت وکذب وغیرہ سے بچانا.
٣٦۔ روزہ داراللہ کامہمان ہوتاہے .
٣٧۔ روزہ دار پر اللہ کی رحمتیں اوربرکتیں نازل ہوتی ہیں .
٣٨۔ روزہ انسانیت کو بیدار کرتاہے مثلاً ثروت مند انسان کو نادار و فقیر کی مدد کرنے کی ترغیب دلاتاہے .
٣٩۔ روزہ انسان کوقیامت کی یاد دلاتاہے جیسا کہ خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا:ماہ رمضان کی بھوک اورپیاس میں قیامت کی بھوک اور پیاس کویاد کروکیونکہ یہ عمل ایمان اورتقوے میں اضافے کاسبب ہے .
٤٠۔ روزہ فقیر و مالدار اوربھوکے وشکم سیر کے درمیان اللہ کی طرف سے مساوات اوربرابری پیدا کرتاہے .
٤١۔روزہ غرائز (بدن کے فطری اورطبیعی مطالبات )کیلئے جہاد کا کام کرتاہے .
٤٢۔ روزہ سے انسان وقت کا پابند ہوجاتا ہے ، عبادت ،دعا ،قرآن، سونا ، جاگنا،کھانا ،پینا یہ سب امور منظم ومرتب ہوجاتے ہیں .
٤٣۔ روزہ انسان کوقوی ارادے کامالک بنا دیتاہے .
٤٤۔ روزہ جہا داکبر ہے حضرت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کے قول کی روشنی میں نفس کے خلا ف جہاد کرنا جہاد اکبر ہے اور روزے کے ذریعہ انسان اپنے نفس کے خلاف جہاد کرتاہے .
ہم پرودگار سے دعاکرتے ہیں کہ ہمیں اپنے اطاعت گذار بندوں میںشامل فرمائے اورحقیقی اوصاف کے ساتھ روزہ رکھنے کی توفیق دے تاکہ ہمارا شمار بھی ان روزہ داروں میں ہوسکے جن کے لئے یہ صفات اور خصلتیں بیان کی گئی ہیں ۔
''اللھم اجعلنا فیہ من الصائمین ''
نوٹ ۔مذکورہ تمام موارد کے سلسلے میں آیات وروایتیں کتاب ''وظائف ما در ماہ مبارک رمضان'' میں درج ہیں۔
مقالات کی طرف جائیے