مقالات

 

خطبۂ غدیر ؛دوسری قسط

ادیب عصر مولانا سید علی اختر رضوی شعور گوپال پوری

٣۔ امامت و ولایت کا باقاعدہ اعلان
تو اب تم لوگ اچھی طرح سمجھ لواے لوگو !یقیناخدانے علی کوایساولی اورامام مقرر کیاہے جس کی اطاعت تمام مہاجرین وانصار اورنیکی کی پیروی کرنے والوں پرلازم قرار دی ہے ، چاہے وہ صحرائی ہوں یاشہری،عجمی ہوںیا عربی،آزاد ہوں یاغلام،چھوٹے ہوں بڑے، گورے ہوں یاکالے،ہراس شخص پرلازم ہے جوخداکویکتا مانتا ہے ،اس کایہ قطعی فیصلہ ہے اورہرحال میں اس کاحکم مانناہوگاکہ اس کاحکم سب پرنافذ ہے ،وہ شخص ملعون ہے جو اس کی مخالفت کرے اوروہ رحمت سے نہال ہے جواس کی پیروی کرے اور تصدیق کرے اورجس نے ان کی بات سن کراطاعت کی توخدااس کی مغفرت فرمائے گا۔
اے لوگو! یہ آخری جگہ اورموقع ہے جہاں اس کومیں اپنی جگہ پرمتعین کرتاہوں تواب تم ان کی باتوں کوسنواوراطاعت کرواوراپنے پروردگار کے حکم کومانو کیونکہ بے شک خداہی تمہارارب ہے اوروہی تمہاراسرپرست اورتمہارامعبود ہے اورپھراس کے بعد اس کارسول محمدؐتمہاراسرپرست اورامام ہے ،پھراس کے فرزندوں میں قیامت تک امامت قائم رہے گی جومیری ذریت ہے ،پھرتم خدااوررسول کے یہاں باریاب ہوگے ۔
کوئی چیزحلال نہیں لیکن بس وہی جسے خدانے حلال قراردیاہے اورکوئی چیزحرا م نہیں، لیکن وہی جسے خدانے حرام قراردیاہے اسی خدانے مجھے حلال وحرام کی معرفت کرادی ہے اورجوکچھ خدانے مجھے اپنی کتاب کاعلم عطاکیاہے ،حلال وحرام کی معرفت کرائی ہے وہ سب میں نے علی کے سپرد کردیاہے ۔
اے لوگو!کوئی علم ایسانہیں جسے خدانے میری ذات میں احصا نہ فرمایاہواورمیں نے وہ تمام علم تقوی شعاورں کے امام علی کوبتادیا ہے ، کوئی علم ایسانہیں جسے میں نے علی کونہ بتادیا ہواوروہی امام مبین ہیں جس کا تذکرہ خداوندعالم نے سورہ ٔ یس میں کیاہے۔
اے لوگو!ان سے کتراؤنہیں ،ان سے علیحدہ نہ ہونااوران کی سرپرستی کوعارنہ سمجھنا کیوں کہ یہی حق کی ہدایت کرنے والے اوراس پرعمل کرنے والے ہیں،باطل کو ملیامیٹ کرنے والے اورروکنے والے ہیںاورانھیں اللہ کے بارے میں کسی ملامت کرنے والے کی پرواہ نہیں،پھریہ کہ یہی ہیں جوسب سے پہلے اللہ اوراس کے رسول پر ایمان لائے ،یہی ہیں جنھوں نے خداکے رسول پر اپنی جان نچھاورکی ،یہی ہیں جورسول کے ساتھ عبادت کرتے رہے جبکہ کوئی دوسراشخص رسول کے ساتھ عبادت کرنے والا نہ تھا ۔
اے لوگو !ان کی برتری کومان لوکہ خدانے انھیں فضیلت عطاکی ہے اوران کی امامت کوتسلیم کروکیوں کہ خدانے ان کوامام بنایاہے ۔
اے لوگو!یہ اللہ کی طرف سے امام ہیں خداکبھی ایسے شخص کی توبہ قبول نہ کرے گاجوان کی ولایت وسرپرستی کاانکارکرے اورخدااس کی ہرگز مغفرت نہ کرے گا،یہ حتمی بات ہے خدانے ایسافیصلہ کرلیاہے ۔خداپرلازم ہے کہ علی کے حکم کی مخالفت کرنے والے کوشدیدعذاب میں مبتلاکرے ،ہمیشہ ہمیشہ اورجب تک زمانے کا تصورہے توپھرتم لوگ ان کی مخالفت سے ڈرو، ورنہ ایسی آگ میںجھونک دیئے جاؤ گے جس کے ایندھن آدمی اورپتھرہیں اوروہ کافروں کے لئے تیار کی گئی ہے ۔
اے لوگو!خداکی قسم! میری ہی وجہ سے پیغمبروں اوررسولوں کوبشارت دی گئی اورمیں انبیاء ومرسلین کاختم کرنے والا اورتمام آسمانوں اورزمینوں کی مخلوقات پرحجت ہوں،اب جواس بات میں شک کرے گا وہ جاہلی عہد کے کافروںکی طرح ہے اورجوشخص میری اس گفتارکے بارے میں شک کرے توگویااس نے تمام باتوںمیںشک کیااوروہ جہنم میں رہے گا۔
اے لوگو!خداوند عالم نے میرے اوپراحسان کرتے ہوئے کئی فضیلت بخشی ہے اورکوئی معبود نہیں سوائے اس خداکے ،میری تمام ستائش بس اسی کے لئے ہے ہمیشہ ہمیشہ اوررہرحالت میں ،جب تک زمانے کاتصور ہے۔
اے لوگو! علی کی برتری کومانوکیونکہ وہ میرے بعد تمام مردوں عورتوںسے افضل ہیں ،ہمارے سبب سے خدارزق نازل کرتاہے اورتمام مخلوقات کی بقاہے وہ شخص ملعون ہے، لعنت زدہ ہے،غضب خداوندی ہے اس پرجومیرے اس قول کی تردیدکرے چاہے میری یہ بات ا س کے خیال وفکر سے میل نہ کھاتی ہو،آگاہ ہوجائو کہ جبرئیل نے مجھے خداوندعالم کے اس فیصلے سے باخبرکیاہے اورانھوںنے کہاہے کہ جوشخص علی سے دشمنی رکھے اوران کی ولایت نہ مانے تواس پرمیری لعنت اورغضب ہوایسی حالت میں ہرنفس کو غور کرناچاہئے کہ اس نے کل کے لئے کیاسامان بھیجا ہے ،علی کی مخالفت میں اللہ سے ڈرتے رہوورنہ تمہارے قدم استقامت کے بعد پھسل جائیں گے ،بلاشبہ اللہ تمھارے ان سب اعمال سے باخبرہے جوتم کرتے ہو۔
اے لوگو!یہ علی جنب اللہ ہیں انھیں کیلئے قرآن میںیہ آیت ہے :''ہائے افسوس! میں نے جنب اللہ کے بارے میں بڑی کوتاہی کی ''۔
اے لوگو!قرآن میں اچھی طرح غورکرواوراس کی آیات کوسمجھو،اس کے محکمات میں غوروفکر کرو اورمتشابہات کی پیروی نہ کرو۔ہاں خداکی قسم! اس قرآن کی تنیبہات اورچونکانے والی آیتیں یہی بیان کرسکتاہے اوریہی تفسیر کرسکتاہے جس کاہاتھ میں نے اس وقت تھام رکھا ہے ،جسے اپنی طرف اٹھارکھاہے اورجس کابازوپکڑکربلندکیاہے ،یہی تمہیں بتانے والاہے'' یقینا جس کامیں مولاہوں اس کامولایہی علی ابن ابی طالب میرابھائی اورمیراوصی ہے ۔اوراسی کی ولایت کاخداکی طرف سے لازم ہونامجھ پرنازل کیا گیا ہے''۔
اے لوگو!یقینایہی علی اورمیرے پاکیزہ فرزندوںکاگروہ'' ثقل اصغر''ہیںاور قرآن ''ثقل اکبر''ہے ،ان میں سے ہرایک دوسرے کے حالات کی خبردینے والاہے اور ایک دوسرے کی موافقت کرنے والاہے ،یہ دونوں ایک دوسرے سے کبھی جدانہیں ہوں گے یہاں تک کہ حوض کوثرپر میرے پاس پہونچیں ،یہی خداکی مخلوقات پراللہ کے امین اورخداکی زمین پراس کے حاکم ہیں ،آگاہ رہو کہ میں نے تبلیغ کاحق اداکردیا،اچھی طرح سمجھ لوکہ میں نے پیغام پہنچادیا،خبرداررہوکہ میں نے سنادیا،آگاہ رہوکہ میں نے وضاحت کردی ،آگاہ رہو کہ خدائے بزرگ وبرترنے فرمایا اورمیں نے خداکی طرف سے سنا دیا۔آگاہ ہوجائو کہ کوئی امیرالمومنین نہیں سوائے میرے اس بھائی کے ، اور میرے بعد ان کے علاوہ کسی کے لئے بھی مومنوں کی امارت جائزنہیں۔

٤۔ دست علی ، دست رسول ؐمیں
اس کے بعد علی کے بازوپرہاتھ مارکران کوبلندکیا،یہاں تک کہ ان کے پائوں رسول خداؐکے گھٹنوں تک پہونچ گئے حالانکہ آپ علی کے ہاتھوں کواسی وقت سے تھامے ہوئے تھے جب آپ منبرپرتشریف لے گئے تھے پھرآپ نے فرمایا:
اے لوگو!یہ علی میرابھائی ،میراوصی اورمیرے علم کامحافظ ہے ،اورمیری امت پرکتاب خداکی تفسیراوراس کی طرف دعوت دینے کے سلسلے میں میراجانشین ہے ،جن چیزوں کوخداپسند کرتاہے اس پرعمل کرنے والاہے ،خداکے دشمنوں سے لڑنے والا، طاعت خداپردوستی کرنے والا،اللہ کے رسول کاخلیفہ ،مومنوں کاامیر،ہدایت کرنے والا امام اورخداکے حکم سے ناکثین ،قاسطین اورمارقین سے جنگ کرنے والاہے ،میں اپنے رب خدائے برترکے حکم سے کہہ رہاہوں:''اورمیری بات میں تبدیلی نہیں ہو سکتی'' (١) جواپنے رب خداکے حکم سے کہوں میں کہتاہوں کہ اے خدا!اس سے دوستی رکھنا جوعلی سے دوستی رکھے ،اس سے دشمنی رکھناجوعلی سے دشمنی رکھے ،اس پرلعنت کرجواس کاانکارکرے اوراس پرغضبناک ہوناجواس کے حق کاانکارکرے ،میرے خداتونے میرے اوپریہ بات نازل فرمائی کہ امامت تیرے ولی علی کیلئے ہے میں نے
یہ بات واضح طریقہ سے بیان کردی اورعلی کواپناجانشین مقررکردیاتوآیت نازل فرما کراپنے بندوں کے دین کو مکمل کردیااور ان پراپنی نعمت پوری کردی اورتونے ان کے لئے دین اسلام کوپسند فرما لیا، پھرتونے فرمایا: ''جوشخص اسلام کے سواکسی دوسرے دین کو چاہے گاتواسے قبول نہ کیا جائے گا،اوروہ آخرت میںگھاٹا اٹھائے گا''۔اے خدا!میں تجھے گواہ کرکے کہتاہوں کہ میں نے پیغام پہنچادیا۔

٥۔ مسئلہ ٔ امامت کی تاکید
اے لوگو!خدائے بزرگ وبرترنے دین کواسی کی امامت کے ساتھ کامل کیاہے لہذاجوشخص اس کواوراسکی ذریت میں قیامت تک ہونے والے میرے فرزندوں کوجواس کے جانشین ہوں گے انھیں نہ جانے توجب وہ خداکے حضور میں پیش کئے جائیں گے تووہ لوگ وہی ہوں گے جن کے اعمال بیکا رہوں گے اوروہ جہنم میں ہمیشہ رہیں گے ، ان کے عذاب میں تخفیف ہرگز نہیں ہوگی ، نہ ان کی طرف نظر کی جائے گی۔
اے لوگو !یہ علی تمہارے مقابلہ میں میری سب سے زیادہ نصرت کرنے والاہے اورسب سے زیادہ مجھ سے قرابت رکھنے والا ہے، تمھارے مقابلے میں سب سے زیادہ مجھ سے قریب ہے ،میرے نزدیک تم سے زیادہ معززہے ،خدائے برتراورمیں دونوں ہی ان سے راضی ہیں قرآن میں جتنی بھی خوشنودی کی آیات ہیں سب انھیں کے لئے ہیں ، اورخدانے بھی جہاں ائے مومنو!کہہ کے خطاب فرمایاہے اس کی ابتداء انھیں سے ہے ، قرآن میں جو بھی مدح کی آیت ہے انھیں کے لئے ہے،خدانے سورہ ھل اتی میں جنت کی شہادت خاص انھیں کے لئے دی ہے ،وہ سورہ خاص انھیں کی شان میں نازل ہوا اور ان کے سواکسی دوسرے کی مدح میں نہیں ہے ۔
اے لوگو! یہی دین خداکے مددگار ہیں اورخداکے رسول کی طرف سے جنگ کرنے والے ہیں ،یہی تقویٰ شعار ہیں ،صفائے نفس سے آراستہ ہیں۔یہی ہدایت کرنے والے اورہدایت یافتہ ہیں ، تمہاراپیغمبربہترین پیغمبرہے اورتمھارا وصی بہترین وصی ہے ، اوراس کے فرزند بہترین اوصیاء ہیں ۔
اے لوگو! ہرپیغمبرکی ذریت ان کے صلب سے تھی اورمیری ذریت علی کے صلب سے ہے ۔
اے لوگو!یقیناًابلیس نے حسد کی وجہ سے آدم کوجنت سے نکالاتواب علی سے حسد نہ کرناورنہ تمہارے تمام اعمال اکارت جائیں گے ،کیوں کہ آدم ایک ترک اولی کی وجہ سے زمین پراتاردیئے گئے ،جبکہ وہ صفوة اللہ تھے پھرتمہاری کیاحالت ہوگی جب تم تم ہی ہواور تمہارے درمیان خداکے دشمن بھی ہیں اس بات سے ہوشیار رہو کہ علی سے دشمنی وہی کرے گا جوشقی اوربدبخت ہوگا اورعلی کی ولایت کاوہی دم بھرے گا جوتقویٰ شعارہوگا اس پروہی ایمان لائے گا جوخاص مومن ہوگا اورخداکی قسم علی ہی کے لئے سورہ والعصر نازل ہوئی ہے:''خداکے نام سے جوبڑامہربان ہے اوررحم کرنے والے...زمانے کی قسم!تمام انسان گھاٹے میں ہیں''سوائے علی کے جو ایمان لائے ، حق سے راضی ہوئے اور جنہوں نے صبر کا مظاہرہ کیا۔
اے لوگو!میں نے اللہ کوگواہ بناکراپناپیغام تم لوگوں تک پہونچادیااوررسولؐ کافرض سوائے اس کے اورکچھ نہیں کہ وضاحت کے ساتھ پیغام پہونچادے ۔
اے لوگو!''اللہ سے ڈرو،جیساکہ اس سے ڈرنے کاحق ہے اورتم کوموت نہ آئے مگر اس حالت میںکہ تم مسلم ہو''۔(٢)

٦۔ منافقین کی عہد شکنی
اے لوگو!''اللہ پرایمان لاؤ اوراس کے رسول پراوراس نورپرجورسول کے ساتھ نازل ہواہے ،اس کے قبل کہ ہم تمہارے چہرے بگاڑ دیںاورپھران کو پشت کی طرف پھرادیں ''۔
اے لوگو!''میں تمہیں ڈراتاہوں کہ تم سب کی طرف خداکارسول ہوں مجھ سے پہلے اوربھی رسول گذرچکے ہیں کیامیں مرجائوں یاقتل کردیاجائوں توتم پچھلے پائوں پلٹ جائو گے ؟اورجوشخص اپنے پچھلے پائوں پلٹ جائے گاتووہ اللہ کاکچھ بھی نہ بگاڑ سکے گا اوراللہ عنقریب شکرگذار بندوں کواچھی جزاد ے گا''۔
آگاہ رہو کہ علی صبروشکر کی صفت سے آراستہ ہیں پھرعلی کے بعد میرے وہ فرزند جو اس کے صلب سے ہیں ۔
اے لوگو! اپنے اسلام کے ذریعہ خداپراحسان نہ جتائو ورنہ وہ تم سے ناراض ہوجائے گا اورتم پراپناعذاب نازل کردیگایقینا وہ تمھاری گھات میں ہے ۔
اے لوگو!عنقریب میرے بعد ایسے امام ہوں گے جوجہنم کی طرف دعوت دیں گے اورقیامت کے دن ان کی مدد نہیں کی جائے گی ۔
اے لوگو!بے شک میں اوراللہ دونوں ہی ان لوگوں سے بیزارہیں ۔ بلاشبہ وہ اوران کے گروہ کے لوگ ،ان کی پیروی کرنے والے ،اوران کی مددکرنے والے جہنم کے آخری طبقہ میں ہوں گے ،اوروہ کتنا براٹھکاناہے تکبرکرنے والوں کا،آگاہ ہوجائو کہ وہی اصحاب صحیفہ ہیں ،اس لئے تم میںسے ہرایک کوصحیفہ کے بارے میں غوروفکرکرناچاہئے ۔
اے لوگو! میںامامت اوروراثت کواپنے بعد قیامت تک کے لئے چھوڑے جارہاہوں اوروہ سب کچھ میں نے پہونچادیا جس کی تبلیغ کامجھے حکم دیاگیاتھا یہ ہرحاضراورغائب ،اورجوشخص یہاں موجود ہے یاموجود نہیں ہے یا پیداہوچکاہے یاپیداہوگا اس پرحجت ہے اس لئے جویہاں حاضر ہے اس پرلازم ہے کہ غائب تک اورہرباپ کولازم ہے کہ اپنے بیٹے تک اورجوقیامت میںپیداہوں گے انھیں میرایہ پیغام پہنچادے۔
اورعنقریب کچھ لوگ اس کوغاصبانہ سلطنت بنا لیں گے ،آگاہ ہوجائو کہ ان عاصیوں اور ان کے ساتھیوں پرخداکی لعنت برسے۔''اے گروہ انس و جن ! عنقریب تم سے حساب و کتاب کیاجائے گا ''۔''پھرتم دونوں پرآگ کاشعلہ اور پگھلا ہو اتانبا اونڈیلا جائے گاجس کاتم مقابلہ نہ کرسکوگے ''۔
اے لوگو!بے شک خدائے برتر تم کواسی حالت میں ہرگز نہ رہنے دے گاجس میں تم اس وقت پائے جاتے ہو،وہ پاک لوگوں کوناپاک لوگوںسے الگ کرکے رہے گامگراللہ کایہ طریقہ نہیں کہ تم کوغیب پرمطلع کردے ۔
اے لوگو!کوئی بستی ایسی نہیں کہ جسے اللہ ان کے جھٹلانے کی وجہ سے انھیں ہلاک نہ کرے اوراسی طرح وہ بستی بھی ہلاک کردی جائے گی جوظالم ہے جیساکہ خدائے بزرگ نے خبردار کیاہے ''اوریہ تمھاراامام ہے اورتمہاراولی ہے اوروہ خداکے وعدے ہیں اور خدا نے جووعدہ اس سے کررکھاہے اسے ضرور سچ کردکھائے گا''۔
اے لوگو!یقیناتم سے پہلے بہت سے لوگ گمراہ ہوگئے اوراللہ نے لوگوں کوبھی ہلا ک کیاہے اوربعد میں آنے والو ں کوبھی ہلاک کردے گا۔
اے لوگو! بے شک خدانے مجھے امربھی سکھایااورنہی بھی سکھائی اورمیں نے بھی علی کوامر سکھایا اورنہی سکھائی ،اس طرح امرونہی خدائے برترکی طرف سے ہے لہذاتم اس کے امرسنوتو سلامت رہوگے ،اوراس کی اطاعت کروتوہدایت پاؤگے اوراس کی نہی سے باز رہو تو کامیابی سے ہمکنارہوگے اوراس کی منشاء کے مطابق چلو،مختلف راستے تمھیں اصل راستے سے نہ ہٹادیں ۔

مقالات کی طرف جائیے