|
قیمتی انگوٹھی |
سید شاہد جمال رضوی گوپال پوری |
نزول آیۂ ولایت کے تناظر میں دلچسپ کہانی
دن بھر کی تگ و دو کے بعد وہ بوجھل قدموں سے گھر واپس جارہاتھا ، چہرے پر غم و اندوہ کی علامتیں تھیں اور ماتھے پر تفکر کی لکیریں ۔ایک ایک قدم اٹھانا بہت بھاری محسوس ہورہاتھا ، ایسا لگ رہاتھا جیسے اس کے اور گھر کے درمیان میلوں کا فاصلہ ہے۔ حالانکہ اس کا گھر بہت نزدیک تھا ۔ گھر کے دروازے پر پہونچ کر رک گیا ، اندر جانے کی ہمت نہیں ہو رہی تھی ، کس منھ سے جائے ، بیوی اور بچوں کو بہت امیدیں دلا کے نکلا تھا کہ شام تک کھانے کے لئے کچھ نہ کچھ ضرور لاؤں گا۔ لیکن ...اس کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا ، وہ آج بھی خالی ہاتھ واپس آیا تھا ۔ بچوں کا خیال آتے ہی اس کے ماتھے کی لکیریں مزید گہری ہوگئیں اور اس کا ذہن مختلف خیالات کی آماجگاہ بن گیا ۔ وہ سوچنے لگا:کل رات سے بچوں نے کھانا نہیں کھایا ہے ، کھانے کے نام پر سوکھی روٹی کے کچھ ٹکڑے ہی نصیب ہوئے ہیں ، روٹی کے وہ ٹکڑے کھاتے ہوئے بچے بڑی حسرت سے مجھے دیکھ رہے تھے ؛ جیسے کہہ رہے ہوں : بابا !کب تک اس سوکھی روٹی پر گزارا ہوگا ، بابا! کچھ کیجئے ۔ آج صبح نکلتے ہوئے اس نے سبھی کو امید دلائی تھی : پریشان نہ ہو آج شام میں کچھ نہ کچھ لاؤں گا ۔ لیکن ...جب شام کو گھر واپس آیا تو اس کا ہاتھ خالی تھا اور اسے اندر جاتے ہوئے شرم محسوس ہورہی تھی:بیوی کو کیا جواب دے گا ، بچوں کو کیسے دلاسہ دے گا ...؟ اسے اپنی حالت پر غصہ آنے لگا ، وہ غریب تھا ، مالی حالت اچھی نہیں تھی لیکن اس میں بچوں کی کیا خطا ہے ۔ اسی غم و غصہ کے عالم میں اس نے دروازہ کو آہستہ سے دھکا دیا اور وہ کھل گیا ۔ سامنے ہی بچے کھڑے تھے جیسے وہ بابا کے منتظر ہوں ۔ اس کے اندر آتے ہی بچے لپٹ گئے : بابا ! بہت بھوک لگی ہے ، بابا! آپ ہمارے لئے کیا لائے ہیں ؟ یہ سوال نشتر بن کر اس کے دل پر لگا ...وہ جواب کیا دیتا، دلاسہ دینے کے لئے بھی الفاظ نہیں مل رہے تھے ، وہ خاموش رہا ۔ گھٹنوں کے بل بیٹھ کر بچوں کو سینے سے لگایا، دیر تک لگائے رہا، اس کی آنکھیں بھیگنے لگیں ، بڑی مشکل سے ضبط کرتے ہوئے اس نے بچوں کو خود سے الگ کیا اور وہیں ایک گوشے میں اپنی گھٹری کے ساتھ بیٹھ گیا ۔ شرمندگی کی وجہ سے بچوں سے نظریں نہیں ملا پارہاتھا ، اسے ان کی حالت دیکھی نہیں جارہی تھی ۔ بیوی صحن میں چولہا جلا رہی تھی ، شوہر کی حالت دیکھ کر سمجھ گئی کہ آج بھی پکانے کے لئے کچھ نہیں ہے ۔ وہ بچوں کے پاس آئی ہے اور انہیں بہلا پھسلا کر صحن میں لے جانے لگی ۔اس نے تشکر آمیز نظروں سے اپنی بیوی کو دیکھا۔ جیسے بچوں کو ہٹا کر اس نے بہت بڑا احسان کیاہو۔ بچوں کو کھیل میں الجھا کربیوی اس کے پاس آئی ، ابھی سہارے کی ضرورت تھی ، دن بھر کی سرگشت پوچھنے کے بجائے دلاسہ دینے لگی : اللہ پر بھروسہ رکھیں ، وہ ضرور ہماری مدد کرے گا ۔ اس نے نظریں اٹھا کر بیوی کو دیکھا ،" بچے بھوکے ہیں ، کل سے انہوں نے صحیح سے کھانا بھی نہیں کھایا ہے ، میں ان کے لئے کچھ کرنا چاہتاہوں ، لیکن کیا کروں سمجھ میں نہیں آتا "۔اس نے بھرائی ہوئی آواز میں کہا۔ بیوی سوچنے لگی : بات تو صحیح ہے ، بچے بھوکے ہیں ،گھر میں سوکھی روٹی بھی نہیں ہے ، کریں تو کیا کریں۔ اچانک اس کے ذہن میں ایک خیال آیا ، شوہر کی طرف دیکھ کر بولی : آپ نے دن بھر دنیا جہاں کا چکر لگایا ، کچھ نہیں ملا ، ایک مرتبہ اللہ کے گھر میں جاکر دیکھئے ، وہاں رسول کے اصحاب و انصار موجود ہیں ، شاید آپ کی حالت دیکھ کر کوئی مدد کرنے کو تیار ہوجائے ۔ "ہاں ! یہ خیال کیوں نہیں آیا"۔وہ بڑبڑاتے ہوئے کھڑا ہوا ۔ اپنی میلی کچلی پگڑی سر پر رکھی اور گھر سےنکل کر گلی میں آیا ، وہاں کوئی نہیں تھا ، وہ تیز تیز قدموں سے مسجد کی طرف جانے لگا۔اچانک راستے میں خیال آیا کہ ممکن ہے مسجد میں کوئی نہ ہو ۔ یہ خیال آتے ہی اس کے قدم سست پڑنے لگے ، لیکن وہ رکا نہیں ، اس کے ذہن میں صرف اپنے بچوں کی بھوک تھی ، وہ نہیں چاہتا تھا کہ آج بھی بچے بھوکے سو جائیں ۔اس نے سوچا: ہوسکتا ہے ابھی مسجد میں کوئی نہ ہو لیکن میں وہاں ٹھہر کر لوگوں کا انتظار کروں گا ، مغرب کی اذان کا وقت نزدیک ہے ، لوگ نماز کے لئے آئیں گے تو میں ان سے مدد کی درخواست کروں گا ۔ وہ یہ سب سوچتے ہوئے کب مسجد کے دروازے تک پہونچ گیا ، پتہ ہی نہیں چلا ، سامنے مسجد کا دروازہ تھا جو آدھا کھلا ہوا تھا۔اس نے اندر جھانک کردیکھا اور اس چہرہ کھِل اٹھا ، خدا کا لاکھ لاکھ شکر کہ مسجد میں بہت سے افراد موجود ہیں ۔ وہ دروازے سے اندر داخل ہوا ، مسجد کے اندر سے آتی ہوئی مسحور کن خوشبو اس کے مشام جاں کو معطر کررہی تھی ، اس نے اپنی چپل دروازے پر اتاری اور مسجد کی چٹائی پر اپنے پیر رکھے ۔ چٹائی پر قدم رکھتے ہوئےاسے یک گونہ سکون محسوس ہوا ۔ وہیں کھڑے کھڑے اس نے مسجد میں موجود لوگوں پر ایک نظر ڈالی ، اس نے دیکھا کہ کچھ لوگ منبر رسول کے پہلو میں بیٹھے ہوئے ہیں اور آپس میں آہستہ آہستہ گفتگو کررہے ہیں ۔کچھ لوگ ادھر ادھر بیٹھے ہوئے ذکر خدا میں مشغول ہیں اور کچھ لوگ نماز پڑھ رہے ہیں ۔ اس نے وہیں کھڑے کھڑے بلند آواز سے سلام کیا اور آہستہ آہستہ آگے بڑھنے لگا ۔ آس پاس موجود ایک دو لوگوں نے سلام کا جواب دیا اور اپنے اپنے کام میں دوبارہ مشغول ہوگئے ۔ اس نے اپنا گلا صاف کرتے ہوئے لوگوں کو مخاطب کیا :"اے بھائیو! خدا کے نام پہ ..."۔اس کے آگے وہ کچھ نہ کہہ سکا ،اس کا چہرہ عرق آلود تھا ، چہرے کے آتے جاتے رنگ کو دیکھ کر ایسا لگ رہاتھا جیسے وہ بہت زیادہ شرمندگی محسوس کررہاہے ۔ ہاں!شرمندہ ہونا اس کے لئے فطری بات تھی ، اس سے پہلے اس نے کسی آگے ہاتھ نہیں پھیلایا تھا ، غریب تھا لیکن محنت کرنا جانتا تھا ، ہر روز محنت کرکے گھر والوں کا پیٹ پالتا تھا ، یہ اور بات ہے کہ دو دن سے کوئی کام نہیں مل رہاتھا ...لیکن اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ وہ اپنا پیٹ پالنے کے لئے کسی کے آگے ہاتھ پھیلائے ۔ اس نے اپنا سر اٹھایا ، ایک نظر مسجد پر ڈالی اور پھر وہ واپس جانے لگا ۔ " میں نے ابھی تک یہ کام نہیں کیا ہے، میں لوگوں سے بھیک نہیں مانگ سکتا ، نہیں ، میں لوگوں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا " ۔وہ بڑبڑا رہاتھا ۔ بڑبڑاتا ہوا مسجد کے دروازے تک پہونچا ، لیکن چپل پہنتے وقت بچوں کی مظلوم صورتیں اور حسرت بھری نگاہیں اس کی آنکھوں کے سامنے گردش کرنے لگیں ، بچے اس سے کہہ رہے تھے:"بابا! ہم نے کون سا گناہ کیاہے ، ہم کب تک بھوکے رہیں"۔اسے ایسا لگا جیسے بچے یہ کہتے ہوئے رو رہے ہوں ۔ اس کے قدم رک گئے ، ہاں ! یہ سچ ہے ، انہوں نے کون سا گناہ کیاہے جس کی سزا بھگت رہے ہیں ، اب تو گھرمیں خرما بھی نہیں ہے ۔جسے کھا کر پانی پی لیں اور اپنا گزارا کرلیں ۔ یہ خیال آتے ہی وہ مسجد کی طرف واپس جانے لگا ، لوگ اس کے آس پاس موجود ہیں ، ان سے کہتے ہوئے شرم محسوس ہورہی ہے ، اچانک اس نے آنکھ بند کی اورچلانے لگا : "بھائیو! میں فقیر ہوں ، پریشان حال ہوں ، میرے اوپر زندگی تنگ ہوچکی ہے ، خدا کے لئے اس فقیر کی مدد کرو، میرے بچے بھوکے ہیں ، ان پر رحم کرو ، خداوندعالم اس کا اجر عطا کرے گا "۔ اس نے ایک طویل سانس لی ، اسے حیرت تھی کہ کس طرح اس نے اپنا مدعا بیان کردیا ۔ پھر اس نے مسلمانوں کی جانب دیکھا جن کی تعداد آہستہ آہستہ بڑھ رہی تھی ، کچھ لوگ اس کی طرف دیکھ کر دوبارہ گفتگو میں مشغول ہوگئے ۔ وہ امید بھری نگاہوں سے سب کو دیکھ رہاتھا کہ ابھی کوئی نہ کوئی اسے بلا کر کہے گا :آؤ بھائی ، یہ لو درہم اور اپنی مشکل کو حل کرو۔ لیکن افسوس ...یہ توقع بے کار ثابت ہوئی ، ایک ہاتھ بھی مدد کو نہیں اٹھا ، کسی نے اپنی زبان سے تسلی بھرا ایک جملہ بھی نہیں کہا ۔ اس کی آنکھوں سے امید کی روشنی ختم ہوچکی تھی ، چہرے پر گہرے صدمے کے آثار تھے ، اسے احساس ہورہاتھا کہ اس نے مسجد میں آکر غلطی کی ہے ، لوگوں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانا چاہئے تھا ۔ شرمندگی کے احساس سے اس کے بدن کی طاقت جواب دینے لگی ، وہ گھٹنوں کے بل بیٹھ گیا ۔ اپنی حالت پر بلند آواز سے رونا چاہتاتھا ، اپنے دل کی بھڑاس نکالنا چاہتاتھا لیکن آس پاس لوگوں کی موجودگی کے احساس نے اسے روک رکھا تھا ، وہ کرے تو کیا کرے ۔ اچانک اسے خدا کا خیال آیا ،وہ مسجد میں آکر خالی ہاتھ واپس جارہاتھا ، اس نے آسمان کی طرف دیکھا اور پھر دل کی گہرائیوں سے اسے پکارنے لگا : " خدایا! تو گواہ رہنا ، میں نے تیرے رسول کی مسجد میں لوگوں سے مدد کی درخواست کی لیکن افسوس ! کسی نے میری مدد نہیں کی ، کوئی ایک گلاس پانی بھی دینے کا روادار نہیں" ۔ اس کی آواز آہستہ آہستہ بلند ہوتی جارہی تھی :"خدایا! تو گواہ رہنا ، میں تیرے گھر سے خالی ہاتھ واپس جارہاہوں "۔ لوگ اسے دیکھ رہے تھے ، لیکن کوئی بھی مدد کرنے کے لئے تیار نہیں تھا ۔ وہ لوگوں کی مدد سے مایوس ہوچکاتھا ،اسے کوئی امید نظر نہیں آرہی تھی، وہ واپس جانے لگا ، اس نے جاتے جاتے مسجد کے چاروں طرف نظر ڈالی ۔ اچانک اس کی نظر مسجد کے ایک گوشے میں نماز پڑھتے ہوئے ایک جوان پر پڑی ، وہ اپنے ہاتھ سے اسے اشارہ کررہاتھا ، اس کے ہاتھ میں ایک خوبصورت انگوٹھی تھی ، اس کا نگینہ رات میں چمکتے ہوئے ستارہ کی طرح چمک رہاتھا ۔ وہ اس انگوٹھی کو دیکھنے میں محو تھا تبھی وہ جوان رکوع میں جانے لگا ۔ لیکن اپنا ہاتھ زانو پر رکھنے کے بجائے اسی طرح اسے اشارہ کررہاتھا۔ یہ اس بات کا اشارہ تھا کہ وہ اپنی انگوٹھی اسے دینا چاہتاہے ، جیسے ہی اس کی سمجھ میں یہ بات آئی خوشی سے اچھل پڑا ، آہستہ آہستہ چلتے ہوئے اس کے پاس پہونچا اور بہت آرام سے وہ انگوتھی اتار لی ۔ اس نے رکوع کی حالت میں موجود اس جوان کو دیکھا ،نورانی چہرے پر سکون و اطمینان تھا ، اضطراب کی ایک لکیر بھی چہرے پر نہیں تھی بلکہ اس سےمہربانی و شفقت چھلک رہی تھی ، اس کے لب ہل رہے تھے ، وہ رکوع کے ذکر کا ورد کررہاتھا۔ فقیر سیدھا کھڑا ہوا ، خداوندعالم نے اس کی دعا سن لی تھی ، اس نے اپنے گھر میں اس غریب و نادار پر بخشش کا مظاہرہ فرمایا تھا، وہ بہت خوش تھا ، اس کا مسکراتا ہوا چہرہ اس کی دلی خوشی کی غمازی کررہاتھا ، وہ دل ہی دل میں اپنے پروردگار کا شکرگزار تھا : خدایا! تیرا لاکھ لاکھ شکر کہ تو نے اس غریب کی دعا سن لی۔ انگوٹھی کو مٹھی میں بند کی اور مسجد کے دروازے کی طرف جانے لگا ۔اسی وقت مسجد کا دروازہ کھلا اور رسول خدا(ص) مسجد میں داخل ہوئے ۔اس نے آنحضرت کو دیکھ کر مسرت آمیز لہجہ میں ادب سےسلام کیا ۔ آنحضرت نے سلام کا جواب دیا ۔ پھر اس کے پاس آئے اور سوال کیا : " اے بندۂ خدا ! تیرے چہرے پر خوشی کے آثار کیوں ہیں ، تو اتنا خوش کیوں ہے ، کیا کسی نے کوئی چیز عطا کی ہے ؟ "ہاں ،یار سول اللہ!"۔ اس نے خوشی سے جواب دیتے ہوئے اپنی مٹھی کھولی اور آنحضرت کو وہ قیمتی انگوٹھی دکھانے لگا۔ "یہ انگوٹھی تمہیں کس نے دی ؟ "۔ آنحضرت نے فوراً سوال کیا ۔ اس نے اپنا چہرہ مسجد کی جانب گھمایا اور ستون کے پاس نماز پڑھتے ہوئے جوان کی جانب اشارہ کیا : "یا رسول اللہ !اس جوان نے میری غریبی پر رحم کھاتے ہوئے یہ انگوٹھی دی ہے "۔اس کے لہجہ سے اب بھی خوشی جھلک رہی تھی ۔ "وہ تو علی بن ابی طالب ہے " ۔رسول کا لہجہ مسرت آمیز تھا ۔ " اس نے تمہیں یہ انگوٹھی کس حالت میں دی ہے؟ "۔آنحضرت نے اسی لہجہ میں دوبارہ سوال کیا۔ " یا رسول اللہ ! جب اس نے انگوٹھی دی تو رکوع کی حالت میں تھا "۔اس نے ادب سے جواب دیا۔ یہ سنتے ہی رسول خدا(ص) مسکرانے لگے ،آپ کا چہرہ تبسم صبح بہار بن گیا ، آپ نے اسی وقت بلند آواز سے کہا: اللہ اکبر ۔ اسے آنحضرت کی خوشی پر بے حد حیرت تھی ، آخر ایسا کیا ہواہے کہ رسول خدا اس قدر خوشی کا اظہار فرمارہے ہیں ۔ اسی وقت اس نے دیکھا کہ آنحضرت منبر پر تشریف لے گئے ۔ مسجد میں موجود لوگ آنحضرت کے ارد گرد جمع ہونے لگے ، جب سبھی جمع ہوگئے تو آنحضرت نے فرمایا : اے لوگو!ابھی ابھی جبرئیل امین یہ آیت لے کر مجھ پر نازل ہوئے ہیں ، پھر آپ نے آیۂ مبارکہ کی تلاوت فرمائی: ((إِنَّما وَلِيُّكُمُ اللَّهُ وَ رَسُولُهُ وَ الَّذينَ آمَنُوا الَّذينَ يُقيمُونَ الصَّلاةَ وَ يُؤْتُونَ الزَّكاةَ وَ هُمْ راكِعُون))"ایمان والو! بس تمہارا ولی اللہ ہے اور اس کا رسول اور وہ مومنین ہیں جو نماز قائم کرتے ہیں اور حالت رکوع میں زکوۃ دیتے ہیں"۔ آنحضرت کا یہ اعلان سن کر وہاں موجود بہت سے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ۔ اور وہ شخص خوشی خوشی اپنے گھر کی طرف واپس جانے لگا ۔ وہ بہت خوش تھا اس لئے کہ اب وہ اس انگوٹھی کو فروخت کرکے اپنے گھر کی حالت کو بہتر بنا سکتا تھا ، اپنے بچوں کے لئے کھانے کا انتظام کرسکتاتھا ،بلکہ یہ انگوٹھی اتنی قیمتی ہے کہ اس کے ذریعہ وہ ایک نیا کاروبار بھی شروع کرسکتاتھا۔ لیکن اس کی خوشی کی ایک وجہ اور بھی تھی ، وہ اس بات سے بھی خوش تھا کہ رسول خدا(ص)نے اپنے بعد رہبر اور امام کی نشاندہی فرمادی تھی ۔ وہ رہبر کا مطلب جانتا تھا ۔ ہاں ! رہبر کا مطلب یہ ہوتاہے کہ اپنی خواہشات کو پس پشت ڈال کر ہر حال میں صرف اسی کی پیروی کی جائے ۔ "خدایا! تیرا لاکھ لاکھ شکر کہ تونے آج مجھے مادی اور معنوی دونوں نعمتوں سے بہرہ مند فرمایا" ۔وہ شخص خداوندعالم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے گھر واپس جارہاتھا ٍ۔ اب وہ گھر جاتے ہوئے پریشان نہیں تھا بلکہ اس کے چہرے پر خوشی کے آثار تھے ۔ اب وہ اپنے بیوی بچوں کے لئے بہت کچھ کر سکتاتھا۔ خدایا ! تیرا شکر ۔
پیشکش : شعور ولایت فاؤنڈیشن
|
مقالات کی طرف جائیے |
|