احکام و مسائل

 

خون حیض (علامت اور شرائط)

حیض وہ خون ہے جو عام طور سے چنددنوں کے لئے عورتوں کے رحم سے خارج ہوتاہے ، ایسی عورتوں کو حائض کہتے ہیں ۔

اس خون کی کچھ مخصوص علامتیں ہیں :
۱۔ یہ خون گرم ہوتاہے ۔
۲۔ عموماًغلیظ(گاڑھا) ہوتاہے ۔
۳۔اس خون کا رنگ سرخ یا سیاہی مائل ہوتاہے ۔
۴۔ یہ اچھل کر تھوڑی سی جلن کے ساتھ نکلتاہے ۔

اس خون کے بعض اہم ترین شرائط یہ ہیں :
۱۔ بالغ ہونا
وہ خون جسے لڑکی دیکھتی ہے اس صورت میں حیض ہے کہ وہ بالغ ہو ، یعنی پورے نول سال کی ہو لیکن وہ خون جو اس نے نو سال پورے ہونے سے پہلے دیکھا ہے وہ حیض نہیں ہے بلکہ ممکن ہے استحاضہ ہو (چاہے اس میں حیض کے خون کی علامتیں اور صفتیں پائی جاتی ہوں )۔
نوٹ : نو سال سے مراد نوسال کا پورا ہونا ہے اور دسویں سال میں داخل ہوجاناہے نہ یہ کہ نویں سال میں داخل ہونا ( سال سے مراد قمری مہینے کا سال ہے ، کوئی اور نہیں )۔
۲۔ یائسہ ہونے سے پہلے خون کا دیکھنا
یائسہ یعنی مایوسی وناامیدی ....چونکہ یائسہ عورت خون دیکھنے اور بچہ پیدا کرنے سے ناامید ہوتی ہے اسی لئے اسے یائسہ کہتے ہیں ۔سیدانی عورتیں ساٹھ سال کی عمر میں اور غیر سیدانی عورتیں پچاس سال کی عمر میں یائسہ ہوجاتی ہیں ۔ لہذا یائسگی کے بعد جو خون نظر آئے وہ حیض نہیں بلکہ ممکن ہے استحاضہ ہو ۔
۳۔تین دن سے کم نہ ہو
اگر تین دن سے کم خون دیکھا ہو اگر چہ ایک ہی گھنٹہ کم کیوں نہ ہو تو وہ حیض نہیں ہے لیکن ضروری نہیں ہے کہ دن کے شروع سے دیکھے بلکہ اگر پہلے دن خون کے درمیانی حصے شروع اور چوتھے دن کے درمیانی حصے تک جاری ہو تو کافی ہے ۔ البتہ تین دن معتبر ہے نہ تین رات دن لہذا گر تین دن اور دو رات خون دیکھے تو کافی ہے ۔
۴۔ خون دس دن سے زیادہ نہ ہو
جس دن سے خون حیض آنا شروع ہوا ہو اس دن سے دس دن تک حیض ہوگا اس کے علاوہ حیض نہیں ہے ۔
۵۔ تین دن بلافاصلہ خون آنا
وہ عورت جس نے تین دن لگاتار خون دیکھا ہو اس کے اوپر احکام حیض جاری ہوں گے لیکن اگر دس دن کے اندر تین دن خون دیکھے اور اس میں حیض کی علامتیں پائی جاتی ہوں لیکن پے در پے نہ ہوں مثلاً پہلے ،پانچویں اور آٹھویں دن خون دیکھے تو احتیاط مستحب کی بنا پر اسے خون دیکھنے کے دنوں میں چاہئے کہ وہ کام انجام دے جو مستحاضہ ان دنوں انجام دیتی ہے اور وہ کام جو حائضہ ترک کرتی ہے ترک کرے ۔اور جن دنوں میں خون نہیں دیکھتی اسے چاہئے کہ طاہر عورتیں جو کام انجام دیتی ہیں اور حائضہ جو ترک کرتی ہیں انجام دے ۔( احکام کا بیان دوسرے حصے میں آئے گا )۔
۶۔ دو حیض کے درمیان کم سے کم دس دن کا فاصلہ ہو
اگر پہلے حیض کے بعد دس دن نہ گزرے ہوں تو وہ خون جو دیکھ رہی ہے حیض نہیں ہے ۔
احکام و مسائل کی طرف جائیے